بنگلور:29/دسمبر(ایس او نیوز)کے ایس آر ٹی سی کو حکومت ہند نے آئی ٹی شعبے میں فراہم کئے جانے والے قومی ای انتظامیہ 2016-17 ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔ جس کے تحت گولڈ میڈل اور دو لاکھ روپے نقد فراہم کئے جائیں گے۔ 20ویں قومی ای گورننس کانفرنس کا اہتمام 9 تا10 جنوری آندھرا کے وشاکھاپٹنم میں ہوگا، جہاں پر یہ ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے آئی ٹی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 12، شعبوں کو ہر سال یہ ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے، اس مرتبہ ملک کے تمام سرکاری ونیم سرکاری اداروں سے 485 عرضیاں موصول ہوئی تھیں، اور ان میں 44 کو آخری مرحلے کیلئے منتخب کیاگیاتھا، اور 2دسمبر کو نئی دہلی میں ان کا جائزہ لیا گیا،جس میں کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر راجیندرا کمار کٹاریہ نے شرکت کرتے ہوئے کے ایس آر ٹی سی کے ذریعہ آئی ٹی کے استعمال سے متعلق تفصیلات پیش کیں جس کے سبب ملک میں پہلی مرتبہ انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم مع موبائل ایپ جاری کرنے پر ایوارڈ کیلئے منتخب کیاگیا۔ اب تک کسی بھی ٹرانسپورٹ ادارہ کو گولڈ میڈل مل نہیں پایا ہے، جبکہ 2009-10کے دوران کے ایس آر ٹی سی کو آن لائن ٹکیٹنگ نظام متعارف کرانے پر گولڈ میڈل ملا تھا۔